مظفر گڑھ میں بی آئی ایس پی کی دوسری سہ ماہی قسط کی ادائیگیاں جاری

94

ملتان۔ 12 فروری (اے پی پی):بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی جانب سے ضلع مظفر گڑھ میں رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی قسط کی رقوم کی ادائیگیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔یہ بات بدھ کو یہاں بی آئی ایس پی جنوبی پنجاب زون کی ڈائریکٹر صائمہ بشیر نے مظفر گڑھ میں بی ایس پی کفالت پروگرام کے تحت رقوم کی تقسیم کے عمل سے متعلق تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع مظفر گڑھ میں کل 386000 رجسٹرڈ افراد میں سے 287000 نے کامیابی سے اپنی دوسری سہ ماہی قسط کی رقوم وصول کر لی ہے،ضلع مظفر گڑھ میں قائم 24 نامزد کیمپ سائٹس پر رقوم کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے،فنڈز کی شفاف، منصفانہ اور موثر تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے ان کیمپ سائٹس پر بی آئی ایس پی کے اہلکار تعینات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کہ مظفر گڑھ میں اب تک دوسری سہ ماہی قسط کی تقریباً 75 فیصد ادائیگیاں مکمل ہو چکی ہیں،آپریشنل کیمپ سائٹس مکمل رقوم کی منتقلی تک فعال رہیں گی۔صائمہ بشیر نے مزید بتایا کہ تمام مستحقین کو ان کے فنڈز بروقت اور شفاف طریقے سے ملیں گے،بی آئی ایس پی پروگرام غریب و نادار خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، تاکہ وہ اپنی بنیادی ضروریات کو پورا کر سکیں اور اپنی معیار زندگی کو بہتر بنا سکیں۔ زونل ڈائریکٹر بی آئی ایس پی نے بتایا کہ بی ایس پی پروگرام میں رجسٹرڈ خاندانوں کے بچوں کے لیے”بینظیر تعلیم وظیفہ” جاری کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، تعلیمی وظائف کے اہل ہونے کیلئے بچوں کہ اسکول میں حاضری کی کم از کم شرح %70 ہونی چاہیے،اس اقدام کا مقصد تعلیم کو فروغ دینا اور کم آمدنی والے گھرانوں کے بچوں میں تعلیم چھوڑنے کے رجحان کی شرح کو کم کرنا ہے۔

زونل ڈائریکٹر نے پروگرام کے تحت رجسٹرڈ خواتین پر زور دیا ہے کہ جنہوں نے ابھی تک اپنی رقوم حاصل نہیں کیں وہ فوری طور پر اپنے قریبی کیمپ سائٹ پر جائیں اور سرکاری رسید کے ساتھ اپنا پورا حق حاصل کریں۔انہوں نے پروگرام سے استفادہ حاصل کرنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی مشکل کی صورت میں وہ اپنے قریبی BISP تحصیل آفس سے رابطہ کریں یا فوری مدد کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن 0800-26477 پر کال کریں۔