فیصل آباد۔ 06 اگست (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا کہ معاشرتی ناہمواریوں، بڑھتی ہوئی اضطرابی کیفیت اور دیگر مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے ہمیں قرآن کی تعلیمات کو عام کرنا ہو گا تاکہ اس کی ہدایت سے دلوں کو منور کرتے ہوئے مثالی معاشرہ قائم کیا جا سکے۔
و ہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تقسیم قرآن پاک کی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔زرعی یونیورسٹی کے سینئر ٹیوٹر آفس اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے اشتراک سے تقریب کی صدارت زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کی جبکہ اس موقع پر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی، سابق پرنسپل نشتر میڈیکل کالج شبیر احمد ناصر اور ڈاکٹر عبدالقدوس، ڈاکٹر شوکت علی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں اخلاص پیدا کر کے زندگیوں کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و سنہ کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر نہ صرف اپنی زندگی بلکہ پورے معاشرے کو ترقی کی طرف گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیاوی و اخروی کامیابی کیلئے اسلامی تعلیمات کو اپنانا ہو گا۔
ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ اسلامی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں جو کہ افراد کو فرائض احسن انداز میں سرانجام دیتے ہوئے کامیابی کا باعث بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں دیئے گئے قرآن پاک کا نسخہ اپنے دفاتر میں بھی رکھیں تاکہ جہاں بھی وقت میسر آئے تو اس سے استفادہ کیا جا سکے۔