اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):معاشرہ میں مذہبی ہم آہنگی ، رواداری ، اخوت اور محبت پیدا کرنے کیلئے محراب ومنبر اور اساتذہ کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا، پیغام پاکستان پر تربیتی نشستوں کی ضرورت ہے ،آنے والی نسلوں کو اگر مضبوط و مستحکم پاکستان دینا ہے تو رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہو گا اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف کھڑا ہونا ہے ۔
یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسلامک یونیورسٹی میں پیغام پاکستان ٹریننگ پروگرام کے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،
اس موقع پر ڈاکٹر یٰسین معصوم زئی ،ڈاکٹر ضیاء الحق ، آئی جی اسلام آباد ذاکر قاضی جمیل الرحمن نے بھی خطاب کیا ۔ حافظ محمد طاہر محمو د اشرفی نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی نے پورے عالم اسلام کو نقصان پہنچایا ہے ۔ اساتذہ اور محراب و منبر کو تعلیم کے ساتھ تربیت کی طرف توجہ دینی چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان قرآن و سنت کے مطابق ملک میں خلاف راشدہ کا نظام اسی وقت نافذ ہو سکتا ہے جب ہم نظام مصطفیٰ ﷺ اپنے گھروں میں نافذ کریں ، اسلام اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے اور اسلام کا پیغام اعتدال رواداری اور محبت کا ہے۔