معاشرے سے سفارش اور اقرباء پروری کے خاتمہ میں سرکار ی آفیسرز کلیدی کردارادا کر سکتے ہیں ، گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کا مڈکیریئرافسران کی ملاقات

40

کوئٹہ۔ 30 جون (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آج بھی قابل اور دیانتدار سرکاری افسران اپنے محکمہ اور عوام کی نظروں میں بہت قدر و منزلت رکھتے ہیں۔ فرائض سرانجام دینے وقت اپنے وقار کو برقرار رکھنا اور غیرضروری پریشر کے خلاف ثابت قدم رہنا بہت ضروری ہے۔ اچھی طرز حکمرانی کی خاطر بیوروکریسی ہی کو ایک اعلیٰ معیار پر رکھا جاتا ہے۔

یہ قابلِ ستائش ہے کہ تربیت میں نہ صرف انتظامی فرائض شامل ہیں بلکہ اس میں آداب، ڈریسنگ اور خاص کر پبلک ڈیلینگ پر بھی زور دیا گیا ہے۔ استعداد کار بڑھانے کی یہ ٹریننگ بلاشبہ تمام زیرتربیت افسران کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگیوں پر مثبت اثر ڈالے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ڈائریکٹر جنرل بلوچستان سول سروس اکیڈمی ڈاکٹر حفیظ احمد جمالی کی قیادت میں مِڈ کیریئر کورس مینجمنٹ کے پچیس زیر تربیت آفیسران پر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی، محمد سہیل اور ذوالفقار علی بھی موجود تھے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ معاشرے سے سفارش اور اقرباء پروری کے خاتمہ سرکار آفیسرز کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ معاشرے کی خاموش اکثریت کی آواز بننے میں آفیسر حضرات پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔

آپ اپنی پیشہ روانہ صلاحیتیں بروئے کار لاکر عوام کو درپیش مشکلات کم کر سکتے ہیں۔آخر میں گورنر بلوچستان کو بلوچستان سول سروس اکیڈمی کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کیا گیا ۔