معاشرے میں انقلابی تبدیلی کےلئے سیرت النبی اور اسوہ حسنہ سے نوجوانوں کو روشناس کراناضروری ہے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

147

ملتان۔17اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمودقریسی نے کہا ہے کہ معاشرے میں انقلابی تبدیلی کے لیے ضروری ہے کہ ہم سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اسوہ حسنہ سے نوجوانوں کو روشناس کرائیں، نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اتوار کے روز عشرہ شان رحمةاللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں پولیس لائنز ملتان میں منعقدہ سیرت النبی ﷺکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ملتان سید خرم علی،کمشنرملتان ڈاکٹر ارشاد احمد،ڈپٹی کمشنرعامرکریم خان،سینیٹرعون عباس بپی،ارکان اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ،ملک عامرڈوگر،محمدندیم قریشی،معروف مذہبی سکالر پروفیسر مظہر سعید کاظمی،قاری محمد حنیف جالندھری،سٹی پولیس آفیسر منیر مسعود مارتھ،ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد عامرخان نیازی ودیگر اعلیٰ افسران بھی موجودتھے۔

شاہ محمودقریشی نے کہا کہ عشرہ شان رحمة اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کا مقصد ایک جانب تو نسل نو کو نبی محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ اور سیرت بارے آگاہی دینا ہے تو دوسری جانب اقوام عالم کو پیغام دینا ہے کہ مسلمانوں کے نزدیک ان کے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دنیا کی ہر چیز ہر رشتہ سے بڑھ کر عزیز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں انقلابی تبدیلی کے لیے ضروری ہے کہ ہم سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اسوہ حسنہ سے نوجوانوں کو روشناس کرائیں اور ان پر عمل کی طرف نوجوان نسل کو راغب کریں تاکہ وہ ایک عملی مسلمان کے طور پر دنیا میں ایک مسلم سفیر بن کر جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی سکالر علامہ مظہر سعید کاظمی نے کہا کہ حکومتی سطح پر عشرہ شان رحمة اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد ایک نہایت احسن اقدام ہے، موجودہ دور کے حالات بھی اس بات کے متقاضی ہیں کہ کلمہ کے نام پر قائم ہونے والے اس ملک سے پوری دنیا کو ایک پیغام جائے کہ ہم ایک اللہ کے ماننے والے اور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیروکار ہیں، محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا اور اسلام کا مفہوم ہی سلامتی ہے۔

اس موقع پرمولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دنیا میں رہنے کا جو طریقہ ہمیں بتایا ہے اس سے نفرتوں سے پاک باہمی اتحاد ،بھائی چارے،یگانگت،رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی پر مشتمل معاشرے کی تشکیل ممکن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جو رہنما اصول ہمیں دیئے ہیں ان پر عمل پیرا ہونے سے ہماری دنیا و آخرت کی بھلائی ممکن ہے ۔سیرة النبی ﷺ کانفرنس سے ریجنل پولیس آفیسر ملتان سید خرم علی شاہ ،کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد،سی پی او منیر مسعود مارتھ نے بھی خطاب کیا۔