سیالکوٹ۔13جولائی (اے پی پی):وزیراعظم پاکستان کی کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس کے ایوارڈ یافتہ قومی چیمپئن اورروز ہیومن رائٹس ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر محمد اشفاق نذر نے کہا ہے کہ ہماری تنظیم کے ذریعے اپنی مدد آپ کے تحت شجرکاری کرنے کے ساتھ معاشرے میں درختوں کی اہمیت،
ضرورت اور افادیت بارے شعور اجاگر کیا جارہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور درختوں کے بغیر موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجوں کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔ وطن عزیز پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے انتہائی رسک والے ممالک میں شامل ہوچکا ہے جس سے نکلنے کیلئے ہر شہری کو اپنے حصے کے درخت ضرور لگانا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرنسپل گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ محمد نعیم سہیل اور سماجی راہنما میاں خالد محمود ودیگر کے ہمراہ آگاہی واک کے شرکاءسے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت بڑھ جانے کی دوسری بڑی وجہ جنگلات اور درختوں کا بے دریغ کٹاؤ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اپنے اردگرد پھل دار،پھول دار اور سایہ دار درخت لگائیں تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔