اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے انسانی حقوق کا تحفظ ضروری ہے، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اسرائیل فورسز کی غزہ پر بمباری کے دوران فلسطین میں انسانیت کو انسانی حقوق فراہم کرنے میں ناکام نظر آئی ہے، فلسطین میں اسرائیلی فورسز نے انسانیت کے قتل عام کی نئی مثال قائم کی ہے،
فلسطین میں معصوم بچوں کا بے دردی سے قتل عام انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے منہ پر تماچہ ہے،انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو کشمیر اور فلسطین میں بے گناہ اور معصوم جانوں کے نقصان اور انہیں بنیاد انسانی حقوق سے محروم رکھنے کا نوٹس لینا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ہے جو 10 دسمبر کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے سختی سے عملی اقدامات پر عمل پیرا ہے، انسانیت کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا تحفظ پاکستان کی پارلیمان کی اولین ترجیح رہی ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کی پارلیمان نے انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے لیے متعدد قانون سازی کی ہیں، انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا تمام ممالک کیلئے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل نے انسانی حقوق کی کی خلاف ورزی کی جو دہجیاں اڑائی ہیں اس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی، 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی عوام کو انہیں اپنی شناخت جیسے بنیادی حق سے محروم کر کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف کی ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سختی سے نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق پر عمل درآمد کیے بغیر دنیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہو سکتا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اقوام عالم کی خاموشی افسوسناک ہیں،اسرائیل فورسز کے ہاتھوں فلسطینی بچوں، خواتین اور بزرگوں کا قتل عام پوری دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل فورسز کی جانب سے غزہ میں ہسپتالوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر وحشیانہ بمباری کی جس کی وجہ سے ہزاروں انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کی فلسطین پر وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں معصوم جانوں کے نقصان پر پوری دنیا کے انسانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا پاکستان دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ مذمت کرتا ہے اور اقوام عالم میں تمام تر حل طلب تنازعات کے پر امن اور پائیدار حل کا خواہاں ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=418443