اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی کے لئے اساتذہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے،تدریس ایک مقدس پیشہ ہے جو اللہ تعالیٰ نے انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے انبیا کرام کو عطا کیا،ایک استاد انسانیت کو پستی سے نکال کر آسمان کی بلندیوں تک پہنچا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر کیا جو ہر سال 5 اکتوبر کو پوری دنیا میں ادب و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں جو قوم کی کامیابی و کامرانی کے حصول میں سیڑھی کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب علم کے حصول کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور اساتذہ نوجوان نسل کو علم سے روشناس کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن ان عظیم ہستیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے جاں فشانی، خلوص اور لگن سے ایک تعلیم یافتہ قوم کی تشکیل کرتے ہیں۔سپیکر نے کہا کہ ملک میں تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اوراس مقصد کے حصول کیلئے اساتذہ کو ان کاجائز مقام دینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اساتذہ کی فلاح و بہبود اور معاشرے میں ان کو جائز مقام دلانے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے اپنے پیغام میں کہا کہ اساتذہ ایک پیغمبری پیشہ ہے جس سے وابستہ ہونا ایک اعزاز ہے۔
انہوں نے اساتذہ کرام کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا کہ ایک باشعور اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو اسلام نے روحانی والدین کا درجہ دیا ہے لہذا ان کی عزت واحترام ہم سب پر واجب ہے۔
انہوں نے یوم اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اساتذہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم جو کچھ بھی ہیں اپنے اساتذہ کی بدولت ہیں اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔