لاہور۔12اگست (اے پی پی):خاتون اول محترمہ ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کو معذور افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔یہ بات انہوں نے ادارہ بحالی معذوراں کے دورہ کے موقع پر کہی۔ادارے کے سربراہان ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور ہائی سکول کے طلبا نے خاتون اول کا استقبال کیا۔
صدر مملکت کی اہلیہ محترمہ ثمینہ عارف علوی نے پی ایس آر ڈی ہائی سکول ، آرتھو پیڈیک ہسپتال ،او پی ڈی سمیت دیگر ڈپارٹمنٹس کا دورہ کیا۔انہوں نے معذور افراد کی بحالی میں ادارے کی خدمات کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ 1957 سے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہا ہے، اس مشن کا آغاز ایک کمرے سے ہوا تھا ، مگراب یہ جسمانی عوارض اور مسائل کےحل کے لیے سب سے جامع ادارہ بن کر ابھرا ہے۔
بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ معاشرہ کے تمام طبقات کو مل کر معذور افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے کام کرنا ہو گا، تا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملکی ترقی میں کردار ادا کر سکیں۔