معاشرے کے غیر مراعات یافتہ طبقے کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف اسکیمیں شروع کی گئیں ہیں،خاتون اول بیگم ثمینہ علوی

98
،بیگم ثمینہ علوی

کراچی۔5مارچ (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ حکومت نے ملک میں معاشرے کے کمزور اور غیر مراعات یافتہ طبقے خصوصا خواتین اور معذور افراد کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف اسکیمیں شروع کی ہیں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو گورنر ہائوس سندھ میں دائود گلوبل فائونڈیشن کے زیر اہتمام 13 واں لیڈیز فنڈ ویمن ایوارڈ فار پاکستان 2022 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب جوان پروگرام(کے جے پی ) پاکستان کے نوجوانوں خصوصا خواتین کو سستے قرضے فراہم کرنے کے لیے شروع کیا ہے اور وہ آسانی سے اپنا کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔

خاتون اول نے لیڈیز فنڈ اور اس کی ٹیم کو سراہتے کہا کہ اس نے خواتین کو بااختیار بنانے میں زبردست کام کیا ہے اور صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خواتین کے لئے مختلف مواقع پیدا کیے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملتان میں 21 معذور لڑکیوں کو تربیت دی گئی ہے اور انہیں لیپ ٹاپ بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت تقریبا 15000 خواتین نے قرض کی سہولت حاصل کی ہے اور خواتین سمیت نوجوان اس سکیم کے تحت اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے قرض حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ رنگ، مذہب، فرقہ وغیرہ کی تفریق کے بغیر ملک میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں ۔اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقر نے بتایا کہ ملک میں خواتین کی مالی شمولیت کو بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔

اس مقصد کے لیے اسٹیٹ بینک کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 2023 تک خواتین کے تقریبا 2 کروڑ بینک اکانٹس کھولے جائیں گے اور 2024 تک بینکنگ سیکٹر میں خواتین ملازمین کی تعداد میں 20 فیصد تک اضافہ کیا جائے گا۔