معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو ریلیف کی فراہمی حکومت کا مشن ہے ،احساس کفالت پروگرام کا دائرہ کار 70لاکھ مستحق خاندانوں تک وسیع کردیا گیا ہے ،ڈاکٹر ثانیہ نشتر

63

راولپنڈی ۔18دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے احساس کفالت پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاہے کہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو ریلیف کی فراہمی حکومت کا مشن ہے ، احساس کفالت پروگرام کا دائرہ کار 70لاکھ مستحق خاندانوں تک وسیع کردیا گیا ہے ،وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت قائم شیلٹر ھومز دیہاڑی دار ،کم آمدنی والوں اور بے سہارا لوگوں کو باعزت قیام اور طعام کی سہولتیں فراہم کررہے ہیں ، مستقبل میں ملک بھر میں مزید پناہ گاہیں کھولی جائیں گی اور ان میں سہولیات کے معیار کو اپ گریڈ کیاجائے گا ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے احساس کفالت پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جمعہ کی شام آر ڈی اے کے زیر انتظام راجہ بازار میں قائم شیلٹر ھوم کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے احساس کفالت پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر شیلٹر ہوم میں قیام پذیر تمام افراد سے فرداً فرداً ملیں اور دستیاب سہولیات بارے پوچھا ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی نے شیلٹر ھوم میں قیام پذیر افراد میں گرم چادریں بھی تقسیم کیں اور خصوصی طور پر اہتمام شدہ ڈنر بھی ان لوگوں کے ساتھ بیٹھ کرکیا ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے احساس کفالت پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاکہ وزیر اعظم کی ہدایت پردیہاڑی داروں اور کم آمدنی والوں کے لیے کھولی گئی یہ پناہ گاہ آر ڈی اے کے زیر انتظام چل رہی ہے ۔ کافی لوگوں سے یہاں ملی، مزدوروں کو یہاں اچھا کھانا اور عزت ملتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت حقداروں کو ان کا حق پہنچانے کے لیے ملک گیر سروے جاری ہے جوکہ 54 فیصد مکمل ہو چکا ہے،اس سروے کے تحت دیکھا جاتا ہے کہ کون حقیقی مستحق ہے اور مختلف انداز کی جانچ پڑتال کے بعد مستحق کا تعین ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ احساس آمدن، احسان بلا سود پروگرام، احساس تعلیم و دیگر پروگرام بھی ہیں۔مکمل کوشش ہے کہ ان سب کو غیر سیاسی درجہ پر کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے کورونا آفت میں لوگوں کی معاونت کا ارادہ کیا اور حکومت نے خلوص نیت سے 1 کروڑ 50 لاکھ خاندانوں تک امداد پہنچائی