معاشرے کے ہرفرد کے حقوق کو سمجھ کر پورا کرنے کا شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر خالد محمود

65
Punjab University

لاہور۔5دسمبر (اے پی پی):وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے معاشرے کے ہر فرد کی اپنی اپنی ضروریات ہوتی ہیں اور ان ضروریات کو ان کا حق سمجھ کر پوری کرنے کا شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام چوتھی ریسرچ ان سپیشل ایجوکیشن پر قومی کانفرنس سے الرازی ہال میں خطاب کرر ہے تھے۔

اس موقع پرڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر حمیرا بانو، سابق چیئرمین شعبہ سپشل ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید،خصوصی افراد، فیکلٹی ممبران، محققین اور طلبا وطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ خصوصی افراد کی جدوجہد و کامیابیاں ہمیں احساس کمتری میں مبتلا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم بظاہر صحت مند ہیں ہیں مگر ہماری کامیابیاں ان افرادسے کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کی خصوصی ضروریات ہوتی ہیں جن کا خیال رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ ستارے ہیں جن کی کہانی آبدیدہ کر دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کا جذبہ دیکھ کر احساس ہوتا ہے کہ ہمت کرنے سے ہی کامیابی ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خصوصی افراد کی دیکھ بھال اور تربیت کا خیال ہوگا اور انہیں بھی معاشرے کے ہر فردکے برابر سمجھناہوگا۔ڈاکٹر حمیرا بانو نے کہا کہ ہمیں سوچنا چاہیے کہ ہم خصوصی افراد کیلئے کیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں خصوصی افراد کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سپیشل ایجوکیشن میں 31پی ایچ ڈی پیدا کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد نت نئے خیالات کواجاگر کرنا ہے۔ کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے خصوصی افراد نے اپنی کامیاب کہانیاں پیش کیں جنہیں شرکا کی جانب سے خوب سراہا گیا۔