معاشرے کے ہر فرد کا فرض ہے کہ بصارت سے محروم افراد کی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد کرے، گورنر پنجاب

165
گورنر پنجاب

لاہور۔17اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے الحمرا ہال لاہور میں بلائنڈ پروفیشنل ایسوسی ایشن آف پنجاب کے زیر اہتمام” یوم تحفظ سفید چھڑی” کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ اللہ تعالی نے خصوصی افراد کو خصوصی صلاحیتیں عطا فرمائی ہوتی ہیں اور یہ افراد اپنی ہمت اور حوصلے کے باعث کئی لوگوں کے لیے مشعل راہ بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کا میدان ہو یا کھیل کاہمارے یہ باصلاحیت افراد کسی سے کم نہیں ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشرے میں ہر فرد کا فرض ہے کہ بصارت سے محروم افراد کو چیلنجز سے مقابلہ کرنے میں مدد کرے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پہلی دفعہ گورنر ہاوس کی تاریخی عمارت میں خصوصی افراد کی ضروریات کے لیے موزوں بنایا جا رہا ہے جس میں ویل چیئرزکی رسائی کے لیے ریمپس اور لفٹ کی سہولیات شامل ہیں۔ لفٹ میں بصارت سے محروم افراد کے لیے بریل کی زبان میں ہدایات بھی موجود ہوں گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ خصوصی افراد کے حوالے سے معاشرتی رویوں کو بہتر کرنے کی خاص ضرورت ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے یونیورسٹیوں کے اساتذہ کو مراسلہ بھی جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اساتذہ بالخصوص سکول اساتذہ کو تاکید کرتے ہیں کہ معاشرتی رویے بہتر کرنے کے حوالے سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب کے اداروں کو تاکید کرتے ییں کہ بلڈنگز میں خصوصی افراد کو ویل چیئر ریمپس اور دوسری سہولیات مہیا کریں۔ خاص طور پر تعمیرات کے محکمے کو چاہیئے کہ تعمیرات کے دوران خصوصی افراد کا خاص خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے لئے ایسے اشارے بنائے جائیں جس سے نابینا شخص کو بھی پتہ چل سکے کہ آگے رکاوٹ آ رہی ہے۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر کی مختلف لائبریریوں کو بھی چاہیئے کہ بصارت سے محروم افراد کے لئے آڈیو کتابیں اور ہیڈ فون کی سہولتیں موجود ہوں تاکہ ان افراد کا پوری دنیا سے رابطہ اور رسائی ممکن ہو سکے۔گورنر پنجاب نے بلائنڈ پروفیشنل ایسوسی ایشن آف پنجاب کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کتنی جاں فشانی سے نابینا افراد کے حقوق اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ بلائنڈ پروفیشنل ایسوسی ایشن آف پنجاب انتہائی قابل اور پڑھے لکھے بصارت سے محروم افراد کا ایک مضبوط نیٹ ورک ہے جو سلجھے ہوئے طریقے سے بلائنڈ لوگوں کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کررہا ہے۔اس موقع پر نابینا افراد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ ان کی سفارشات آگے پنجاب حکومت تک پہنچائیں گے۔ تقریب میں صدر بلائنڈ پروفیشنل ایسوسی ایشن پنجاب ڈاکٹر افتخار بخاری، جنرل سیکرٹری بلائنڈ پروفیشنل ایسوسی ایشن پنجاب محمد اویس ، سماجی کارکن صفیہ اسحاق،جنرل سیکرٹری، اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔