معاشی استحکام اور تیز رفتار نمو کےلیے فارن کرنسی ذخاٍئر مستحکم بنانے کی ضرورت ہے، مہر کاشف یونس

84
مہر کاشف یونس

اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ بدلتے عالمی منظر نامے میں معاشی استحکام اور تیز رفتار نمو کےلئے فارن کرنسی ذخاٍئر کو مستحکم بنانے اور اس کےلئے متنوع انداز اپنانے کی ضرورت ہے۔

جمعرات کو یہاں گولڈ رِنگ اکنامک فورم کے زیراہتمام ”پاکستان کے لیے کرنسی کے تنوع کی اہمیت“ کے موضوع پرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی کرنسی آر ایم بی دنیا کی بڑی ریزرو کرنسیوں میں سے ایک اور بین الاقوامی تجارت میں وسیع پیمانے پر استعمال ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے اہم تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے، اس کی کرنسی اپنانے سے تجارتی مواقع میں اضافہ ، فارن کرنسی ذخائر میں کمی کا خطرہ کم اور اقتصادی تعاون میں وسعت آئے گی۔ اسی طرح روسی روبل کو زر مبادلہ کے ذخائر میں شامل کرنے سے روس کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ ملے گا، دو طرفہ سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور سٹریٹجک شراکت داری کے دروازے کھلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرنسی کے ذخائر کو متنوع بنانے سے ایک ہی فارن کرنسی پر بہت زیادہ انحصار میں کمی آئے گی اور پاکستان کو بدلتی ہوئی عالمی اقتصادی حرکیات کے مطابق ڈھالنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینے کا موقع بھی ملے گا۔