معاشی استحکام کے ساتھ مہنگائی کی شرح میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں کمی

21
Economic Survey

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):ملک میں معاشی استحکام کے ساتھ مہنگائی کی شرح میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ پیر کو جاری قومی اقتصادی سروے 2024-25ء کے مطابق مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں مہنگائی کی شرح 4.7 فیصد ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 26 فیصد تھی۔ شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح گذشتہ سال کے 26.3 فیصد سے کم ہو کر 5.7 فیصد ہو گئی۔

شہری علاقوں میں خوراک کی مہنگائی کی شرح گذشتہ سال کے 26.8 فیصد کی سطح سے کم ہو کر جاری مالی سال میں 1.1 فیصد اور نان فوڈ مہنگائی کی شرح گذشتہ سال کے 25.9 فیصد سے کم ہو کر 9.1 فیصد کی سطح پر آ گئی۔ دیہی علاقوں میں خوراک کی مہنگائی کی شرح گذشتہ سال کے 26.5 فیصد کی بلند ترین سطح سے کم ہو کر جاری مالی سال میں منفی 1.5 فیصد جبکہ نان فوڈ افراط زر کی شرح گذشتہ سال کے 24.5 فیصد کی سطح سے کم ہو کر 8.3 فیصد کی سطح پر آ گئی۔

شہری علاقوں میں بنیادی افراط زر کی شرح جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 8.8 فیصد کی سطح پر ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ مالی سال میں 16.9 فیصد تھی۔ اسی طرح دیہی علاقوں میں بنیادی افراط زر کی شرح گذشتہ سال 24 فیصد تھی جو رواں سال کے پہلے 10 ماہ میں کم ہو کر 11.6 فیصد کی سطح پر آ گئی۔

قیمتوں کا حساس اشاریہ (ایس پی آئی) گذشتہ سال کے 30.2 فیصد کی سطح سے کم ہو کر 4.9 فیصد کی سطح پر آ گئی۔ اسی طرح ہول سیل پرائس انڈیکس گذشتہ سال کے 22.4 فیصد کی سطح سے کم ہو کر رواں سال 2.2 فیصد کی سطح پر آ گیا۔