اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ معاشی اور ٹیکس اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں کیونکہ ملک معیشت کے درست راستے پر گامزن ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ایک اصلاحات پر مبنی ایجنڈا پر عمل پیرا ہے تاکہ طویل مدتی معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ چاہے وہ توانائی کا شعبہ ہو، نجکاری، ٹیکس وصولی یا دیگر کلیدی شعبے ہر جگہ جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں۔بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ سال بھر جاری رہنے والی ایف بی آر کی اصلاحات کے ذریعے نمایاں پیش رفت حاصل ہوئی ہےجن کے ٹھوس نتائج سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت رواں مالی سال میں ٹیکس انڈر فائلنگ سے نمٹنے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔