اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ معاشی ترقی ، لوگوں کا رہن سہن بہتر بنانے اور غربت میں کمی کے لئے آبادی میں اضافے کے مسئلے سے نمٹنے اور وسائل اور آبادی کے حجم کے درمیان توازن پیداکرنے کی ضرورت ہے،حکومت نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کےمیڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار وزیراعظم آبادی کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم آبادی کے مسائل کی اہمیت اور قومی ترقی پر ان کے گہرے اثرات پر غور کرنے کے لیے عالمی برادری کےساتھ شریک ہیں۔ پاکستان کی آبادی، جس کا تخمینہ اس وقت تقریباً 24 کروڑ سے زیادہ اور اس میں 2.55 فیصد کی بلند ترین شرح سے اضافہ ہو رہاہے اور اندازہ لگایا گیا ہے کہ پاکستان کی آبادی 2030 تک 26کروڑ 30 لاکھ اور 2050 تک 38کروڑ 30 لاکھ ہو جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سال کے عالمی یوم آبادی کا موضوع "سب کے لیے ایک لچکدار اور مساوی مستقبل کے لئے جامع ڈیٹا کی تیاری”ہے جو پاکستان کے لئے ہمارے وژن کی عکاس ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ ہماری پالیسیوں اور پروگراموں میں پاکستان بھر سے ہر شخص ، کمیونٹی اور آواز کو شامل رکھے جائے۔ جامع ڈیٹا ہمیں صحت اور تعلیم سے لے کر معاشی مواقع اور سماجی تحفظ تک ان شعبوں کی نشاندہی کے قابل بناتاہے جو ہماری کوششوں کے متقاضی ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ معاشی ترقی ، لوگوں کا رہن سہن بہتر بنانے اور غربت میں کمی کے لئے آبادی میں اضافے کے مسئلے سے نمٹنے اور وسائل اور آبادی کے حجم کے درمیان توازن پیداکرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپنی حکومت کو مختلف ضروریات اور آبادی کے چیلنجزکا پوری طرح ادراک ہے۔ ہم ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کے لئے کام کرسکتے ہیں جہاں اپنے وسائل اور ترقی کے مواقع تک مساوی رسائی حاصل ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ کی آبادی کا بڑاحصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جس میں 65 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے اور آبادی کا یہ تناسب ملک کے لیے مواقع اور چیلنجزکا سبب ہے۔ ایک طرف پاکستان کے نوجوان معاشی ترقی، جدت اور سماجی ترقی کو آگے بڑھانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں، دوسری طرف نوجوانوں کی بڑی آبادی کو تعلیم، روزگار اور سماجی انضمام کے حوالے سے بھی چیلنجز درپیش ہیں۔ ہماری حکومت تیزی سے ابھرتی ہوئی عالمی معیشت میں مقابلہ کرنے کے لیے اس نوجوان نسل کو معیاری تعلیم اور ہنر کی تربیت فراہم کرنے کی اپنی کوششوں میں پوری طرح پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہم نوجوانوں کے لیے ملازمت کے وسیع مواقع پیدا کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں ۔ وزیراعظم نے میں تمام متعلقہ فریقین، سرکاری محکموں، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور بین الاقوامی شراکت داروں پر زور دیاہے کہ وہ بہتر مستقبل کے لئے ہماری کوشوں میں ہاتھ بٹائیں ۔ ہم ایک ایسا پاکستان تشکیل دے سکتے ہیں جہاں آبادی کی پائیدار نمو کے ذریعے عزت، سلامتی اور خوشحالی کی زندگی میسر ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=483843