اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ معاشی ترقی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کاروباری برادری کا کلیدی کردار ہے،موجودہ حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار وفاق ایوانہائے صنعت تجارت کے افطار ڈنر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے اور ملک میں سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، سید یوسف رضا گیلانی نے ایف پی سی سی آئی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معاشی ترقی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کاروباری برادری کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، حکومت اور نجی شعبے کے درمیان تعاون ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور موجودہ حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے تاکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔تقریب میں شریک مختلف ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنرز نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری مواقع بے شمار ہیں، اور مختلف ممالک کے سرمایہ کار پاکستان کی مارکیٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573729