اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):پاکستان بزنس فورم (پی بی ایف)نے محمد شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری دنیا پاکستان سپیڈ کے نئے دور سے مستفید ہوگی۔ پاکستان بزنس فورم کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں پی بی ایف کے صدر خواجہ محبوب نے کہا کہ ہماری برآمدات تقریباً 30 ارب امریکی ڈالر ہیں اور اس میں سے نصف ٹیکسٹائل سیکٹر سے ہیں۔پی بی ایف کے نائب صدر چوہدری احمد جواد نے کہا کہ انتخابات کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کو پختگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ملک اور اس کے عوام کے لیے حکومت کے ساتھ ہاتھ ملانا چاہیے کیونکہ پاکستان معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔پ
ی بی ایف کے چیئرمین جنوبی پنجاب ملک سہیل طلعت نے آنے والی حکومت سے کہاکہ وہ کپاس کی فصل کی بحالی سمیت صنعتی پہیے کو رواں دواں رکھنے کے لیے درست پالیسیاں مرتب کرے۔پی بی ایف کے پی کے چیئرمین اشفاق پراچہ نے کہا کہ کارپوریٹ ٹیکس اصلاحات پاکستان کی اقتصادی صلاحیت اور جدت کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہیں، اس طرح لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں معاشی ترقی اور پائیداری کے لیے کارپوریٹ ٹیکس اصلاحات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس کا موجودہ ڈھانچہ پیچیدگیوں سے بھرا ہے جس سے سرمایہ کاری متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارپوریٹ ٹیکس کی شرح میں کمی سے پاکستان کو عالمی سطح پر مزید مسابقتی بنانے کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور گھریلو کاروباروں کو وسعت دینے کی ترغیب ملے گی۔