معاشی ترقی میں زراعت کا کلیدی کردار ہے،زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کروائی جائے، سید فخر امام

195

خانیوال۔ 22 جولائی (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ وتحقیق سید فخرامام نے کہا ہے کہ معاشی ترقی میں زراعت کا کلیدی کردار ہے،ملکی معیشت میں کپاس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ،تحقیقی ادارے زیادہ زرعی پیداوار دینے والی ٹیکنالوجی متعارف کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قتال پور اور بربیگی میں ”امام زرعی فارم“پر کپاس کی فصل کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کپاس کی فی ایکڑ بہتر پیداوارحاصل کرنے والے ممالک میں آگے لانے کیلئے مسلسل ریسرچ کے ساتھ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار کو بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور ذرائع استعمال کرنے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ کپاس کی فصل جو ٹیکسٹائل کے شعبے میں بھی نمایاں مقام رکھتی ہے، پاکستان کی جی ڈی پی اور زرمبادلہ حاصل کرنے میں کافی معاون ہے۔ پنجاب اور سندھ کی زرخیز زمینوں پر پھیلی ہوئی کپاس کی کاشت ٹیکسٹائل کی صنعت کو کپاس کی مصنوعات تیار کرنے کے لیے خام مال بھی فراہم کرتی ہے۔ کپاس اہم ترین نقد آور فصل اور دیہی معیشت میں کپاس کی صنعت کا سب سے اہم کردارہے اور یہ نہ صرف بہت سے گھروں میں خوشحالی اور روزگار لانے کا سبب بنتی ہے بلکہ پاکستان کی معیشت کا پہیہ چلانے میں اس کا اہم کردار ہے ۔