معاشی ترقی میں کاروباری برادری کا کردار بہت اہم ہے،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

معاشی ترقی میں کاروباری برادری کا کردار بہت اہم ہے،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

لاہور۔7اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت اور کاروباری برادری کے باہمی تعاون، مسلسل مشاورت اور مشترکہ کاوشوں سے معاشی ترقی کی رفتار مزید تیز کی جا سکتی ہے۔ یہ بات انہوں نےلاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر، سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی ، نائب صدر چودھری خادم حسین ، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور سابق عہدیداران پر مشتمل وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت صنعت، تجارت، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کیلئے نجی شعبے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کیلئے پرعزم ہے۔گورنر پنجاب نے لاہور چیمبر کی نئی قیادت، سابق صدور اور سینئر رہنماو ں کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ لاہور کی کاروباری برادری پاکستان کی معاشی ترقی میں ایک اہم شراکت دار ہے۔

حکومت اور نجی شعبہ اگر باہمی اعتماد، مشاورت اور تعاون کے ساتھ آگے بڑھیں تو صنعت، تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کاروباری برادری کے ساتھ رابطے اور تعاون کیلئے ہمیشہ دستیاب ہے۔ کاروباری برادری کی تجاویز اور مسائل متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی ملکی معاشی استحکام کیلئے انتہائی اہم ہے۔

صنعت اور زراعت کو مضبوط بنا کر نہ صرف ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے بلکہ برآمدات اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر نے گورنر پنجاب کا نومنتخب قیادت اور ایگزیکٹو کمیٹی سے ملاقات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر حکومت کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعاون جاری رکھتے ہوئے صنعت، تجارت اور ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ علی حسام اصغر نے کہا کہ لاہور چیمبر کی قیادت کی ترجیحات میں صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافہ، سرمایہ کاری کا فروغ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانا شامل ہے۔