معاشی شعبوں اور مارکیٹوں سے کارٹلائزیشن کے خاتمہ کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں، وفاقی وزیر خزانہ کی کمپٹیشن کمیشن کے دورہ کے موقع پر ہدایت

104

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کمپٹیشن کمیشن کا دورہ کیا اور کمیشن کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ لی۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ مختلف معاشی شعبوں اور مارکیٹوں سے کارٹلائزیشن کے خاتمہ کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں،چیف جسٹس سے درخواست کریں گے کہ سپریم کورٹ میں کمپٹیشن سے متعلق مقدمات پر خصوصی بینچ بنائیں،جن مقدمات میں حکومت کے ریونیو کا معاملہ ہو ، ان پر سپریم کورٹ معاونت کرے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات کی پیروی کے لئے کمپٹیشن کمیشن ملک کے بہترین وکلا کی خدمات حاصل کرے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کارٹلائزیشن کے خاتمہ کے لئے کمپٹیشن کمیشن کومکمل سپورٹ فراہم کرے گی،مارکیٹوں کی مانیٹرنگ کے لئے جدید تکنیک اور ڈیٹا کا استعمال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ ڈیٹا کا انالسز اور مانیٹرنگ کر کے کارٹلز کو پکڑا جائے اورکمپٹیشن کمیشن مارکیٹ میں گٹھ جوڑ کے خلاف جاری انکوائریوں کو جلد مکمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریگولیٹری اور قانون نافذ کرنے والے ادارے باہم ہم آہنگی سے بہتر نتائج دے سکتے ہیں ، مارکیٹوں میں شفافیت اور مقابلہ کا ماحول فراہم کرنے کے لئے حکومت کمیشن کو ہر قسم کی سپورٹ کرے گی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ کمپٹیشن کمیشن کو مضبوط بنیادوں پر کھٹرا کرنے کے لئے آٹومیشن کی جائے اور حکومتی ادارے کمپٹیشن کمیشن کی مختلف شعبوں کی ریسرچ رپوٹوں سے استفادہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی واضح ہے کہ جو کاروبار نجی شعبے کے کرنے کے ہیں، حکومت ان میں شامل نہیں ہو گی، کمپٹیشن کمیشن کی کارکردگی کافی بہتر ہے، اس کو مزید فعال بنائیں گے۔