لاہور۔یکم فروری (اے پی پی ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی معافی کے باجود آئی سی سی کی طرف سے لگائی گئی چار میچز کی پابندی پر پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے آئی سی سی کو آڑے ہاتھوں لے لیا ۔ احسان مانی نے آئی سی سی کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں اور دونوں بورڈز میں مسئلہ حل ہوگیا تھا لیکن اس کے باجود سرفراز احمد پر پابندی کی سمجھ نہیں آئی ۔ جنوبی افریقین کپتان نے بھی اس معاملے کو ختم کردیا تھا، اور ہم نے پہلے ہی کہا دیا تھا کہ سرفراز کو دو تین میچز نہیں کھلائیں گے، میرے نزدیک اس سے سب کو پیغام بھی مل جاتا۔ سرفراز نے جو کچھ بولا، وہ کلچرکا فرق تھا، پاکستان میں ایسے الفاظ کو سنجیدہ نہیں لیا جاتا اور سرفراز کے نزدیک جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا گیا۔ آئی سی سی نے بھی خاموشی سے پریس ریلز جاری کی۔ سرفراز نے پوری دنیا کے سامنے اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بعد جنوبی افریقین کھلاڑی سے باقاعدہ معافی بھی مانگ لی تھی، اس کے باوجود آئی سی سی کا سزا دینا سمجھ سے باہر ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ گر یہ صلح آئی سی سی کے قوانین کے مطابق نہیں ہوئی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ صلح نہیں ہوئی ۔