معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات،پاکستان اور آسٹریلیا کی یوتھ کونسلز کے مابین ویبنار منعقد کرانے کا فیصلہ

41

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):پاکستان اور آسٹریلیا نے نوجوانوں میں سودمند تعلقات قائم کرنے اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے لئے دونوں ممالک کی یوتھ کونسلز کے مابین ویبنار منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے پیر کو وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار کی آسٹریلوی ہائی کمشنر جیفری شا کے ساتھ ملاقات میں ہوا۔ملاقات کے دوران پاکستان کے نوجوانوں کی اسکل ڈویلپمنٹ اور زراعت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے حوالے سے آسٹریلین حکومت کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں آسٹریلیا میں پاکستانی نوجوانوں کے لئے انٹرن شپس، سکالرشپس اور ان کی تعمیری شمولیت کے لئے دیگر اقدامات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے نوجوانوں میں سودمند تعلقات قائم کرنے اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے لئے پاکستان اور آسٹریلیا کی یوتھ کونسلز کے مابین ویبنار منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔