معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی سربراہی میں پاکستانی وفد کا یکاترنبرگ کا دورہ

34
Led by Haroon Akhtar Khan
Led by Haroon Akhtar Khan

یکاترنبرگ، روس ۔8جولائی (اے پی پی):وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد سالانہ عالمی صنعتی فورم انوپروم (INNOPROM) 2025 میں شرکت کے لیے روس کے شہر یکاترنبرگ کے دورے پر ہے۔فورم کے پہلے روز معاونِ خصوصی نے مختلف صنعتی و تکنیکی نمائشوں کا دورہ کیا اور روس کی جدید صنعتی ٹیکنالوجی، مشینری اور پیداواری صلاحیت کا قریب سے مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور روس کے درمیان صنعتی شعبے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں کے لیے راہیں تلاش کرنے پر زور دیا۔ہارون اختر خان نے ان روسی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کیں جو پاکستان میں معدنی وسائل کی تلاش، پروسیسنگ اور سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینے، ٹیکنالوجی کے تبادلے، اور صنعتی شعبے میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستانی وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پائیدار صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔