معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی وفاقی وزراءکے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک میں غیر اخلاقی اقدامات متعارف کرانے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما آج پھر جمہوری حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، سی پیک طے شدہ اہداف کے مطابق تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، سی پیک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے ملک و قوم کے …

اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک میں غیر اخلاقی اقدامات متعارف کرانے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما آج پھر جمہوری حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، سی پیک طے شدہ اہداف کے مطابق تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، سی پیک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلاننگ کمیشن میں وفاقی وزراءشیخ رشید احمد اور عمر ایوب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی سیاسی حکومت نے اپوزیشن کے دھرنے میں ایسا مظاہرہ نہیں کیا جس کا پی ٹی آئی حکومت نے کیا ہے، آنسو گیس، ربڑ کی گولیاں اور واٹر کینن کا استعمال دور کی باتیں نہیں ہیں، موجودہ حکومت نے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کیا، جن قوتوں نے جمہوریت کا لبادہ اوڑھا ہے انہوں نے جمہوریت کی نفی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ملک کو اس دلدل میں دھکیلا جن کی وجہ سے ملکی معیشت ہچکولے کھا رہی ہے وہ آج کنٹینر پر اکٹھے کھڑے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی ٹیم کی دن رات محنت سے ملکی معیشت اپنے پاﺅں پر کھڑی ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر اخلاقی اقدام متعارف کرانے والی مسلم لیگ (ن) آج سازشیں کرنے میں مصروف ہے ،انہیں مایوسی ہوئی، یہ اتحاد جلد بیچ چوراہے ٹوٹے گا، عمران خان کے حسد میں اکٹھا ہونے والے آپس میں سچ نہیں بول رہے، وہ ملک کے ساتھ کیا سچ بولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو آج آئینہ دکھا دیا ہے، سی پیک اسی طرح تیزی سے جاری ہے۔