معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا جاپان کی جانب سے چار جدید ترین ایمبولینس کی فراہمی کی تقریب سے خطاب

111

اسلام آباد ۔ 29 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے، ہلالِ احمر پاکستان نے ہر کڑے وقت میں متاثرہ افراد کی مدد کرکے اپنا مقام بنایا ہے، قدرتی آفات و سانحات میں ہلالِ احمر کے ساتھ حکومت جاپان کا تعاون مثالی رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہلالِ احمر نیشنل ہیڈکوارٹرز میں جاپان حکومت کی جانب سے چار جدید ترین ایمبولینس کی فراہمی اور افطار ڈِنر کے موقع پر بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب میں جاپان کے سفیر کونینوری مستودا مہمانِ اعزاز کے طور پر شریک تھے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جاپان نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، انسانی خدمت کے حوالہ سے جاپان کا تعاون قابل ِ رشک ہے، آنے والے وقتوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھایا جائے گا، پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے جاپان حکومت کے پروگرام قابل ِ رشک ہیں۔ انہوں نے ہلالِ احمرکو جدید ترین ایمبولینس کی فراہمی کو بھی سراہا۔ افطار ڈِنر میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل، چیف کلیکٹر کسٹم آصف محمد جان، میجر جنرل(ر) طارق محمود، ممبران ہلالِ احمر منیجنگ باڈی میاں عبدالرو¿ف، بریگیڈیئر (ر)عبدالہادی، پریمیئر گروف آف کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حامد الرحمن خان، جاپان ایمبیسی کے سات رُکنی وفد، سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسران سمیت ہلالِ احمر پاکستان کے افسران نے بھی شرکت کی۔اِس سے قبل ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین جناب ڈاکٹر سعید الٰہی اور سیکرٹری جنرل جناب خالد بن مجید نے مہمانانِ گرامی کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر سعید الٰہی کا کہنا تھا کہ جاپان حکومت کی جانب سے ہلال ِاحمر کیلئے جدید ترین ایمبولینس کی فراہمی پر مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمبولینس کی رِی فیبریکیشن ،اَپ گریڈیشن اور ٹرانسپورٹیشن کے تمام اخراجات حکومتِ جاپان نے برداشت کیے ہیں۔ ہم نے مزید چار ایمبولینس کا پروپوزل بھیج دیا ہے۔ اُمید ہے جلد ہی مزید چار جدید ترین آلات سے لیس ایمبولینس ہلالِ احمر پاکستان کو مل جائیں گی۔ اِس موقع پر جاپان کے سفیر کونینوری مستودا نے کہا کہ ہلالِ احمر کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا، انسانیت کی خدمت کیلئے ہلالِ احمرپاکستان کی خدمات کو سراہتے ہیں۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان حکومت ہلال ِاحمر پاکستان کے ساتھ انسانی خدمت کے مشن میں پیش پیش رہے گی۔چیئرمین ہلال ِاحمر پاکستان ڈاکٹر سعیدالٰہی نے مہمانانِ گرامی کو ایمبولینس کا معائنہ بھی کرایا۔ مہمانوں نے ریجنل بلڈ ڈونر سنٹر کا بھی دورہ کیا اور وزیٹر بُک میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔