اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پوری قوم کے نمائندوں نے جس انداز سے وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی تقریر کی پذیرائی کرتے ہوئے فقید المثال استقبال کیا وہ قابل ستائش ہے، عوام کا جم غفیر اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جو دلوں میں بستے ہیں عوام ان کو …
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ہوائی اڈہ پر وزیر اعظم کے فقید المثال استقبال کے بعد شرکاءاور میڈیا کے نمائندوں سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پوری قوم کے نمائندوں نے جس انداز سے وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی تقریر کی پذیرائی کرتے ہوئے فقید المثال استقبال کیا وہ قابل ستائش ہے، عوام کا جم غفیر اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جو دلوں میں بستے ہیں عوام ان کو اپنی پلکوں پر بٹھاتے ہیں، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کی ایک گھنٹے کے خطاب نے اسلام کے نام نہاد ٹھیکیداروں کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوڑ دی ہے، ناموس رسالت پر جو سیاسی دکانداری انہوں نے چمکانے کی کوشش کی ان کی فلم سینما سکرین پر چڑھنے سے قبل ہی فلاپ ہو گئی ہے، اب ان کا چورن کسی دکان پر بکنے والا نہیں، اسلام کے نام پر سیاسی دکان چمکانے والوں کو پیغام دیتی ہوں کہ وہ آگے بڑھ کر وزیراعظم عمران خان کا ماتھا چومےں اور اپنا سیاسی مورچہ بند کر کے کشمیر کے مورچے پر ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی وطن واپسی کے موقع پر ہوائی اڈہ پر فقید المثال استقبال کے بعد شرکاءاور میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ائر پورٹ پر تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی اور جس انداز میں وزیراعظم کی پذیرائی کی گئی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور انہوں نے جس طرح کشمیر بلکہ دنیا کے پسے ہوئے مسلمانوں اور امت مسلمہ کی نمائندگی کی ہے یہاں ملک بھر سے لوگ انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سچے عاشق رسول کی حیثیت سے پوری امت مسلمہ کی جس طریقے سے ترجمانی کی اور پوری دنیا کو پیغام دیا کہ ایک ہی دین ہے جو محمد سے جڑا ہوا ہے اور ہم اسی کو مانتے ہیں، لا الہ اللہ پڑھنے والا ”اللہ“ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکتا، اس کے ساتھ ہی یہاں نام نہاد اسلام کے ٹھیکیداروں کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو پروردگار نے وہ ہمت اور جرات دی جس کے ذریعے انہوں نے دنیا کی قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے اور آزادی مارچ کی آڑ میں جو سیاسی تھیٹر سجا رہے تھے وزیراعظم کی ایک گھنٹے کی تقریر نے اسے ملیامیٹ کر دیا ہے، اب ان کا چورن کسی دکان پر بکنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کے جو ٹھیکیدار اسلام کا نام لے کر چندا لینے کیلئے نکلےہیں وہ ہوش کے ناخن لیں اور آزادی مارچ اور منفی بیانات دینے اور مسلمانوں کی دل آزاری کرنے والے اپنی سیاسی دکانداری بند کر کے کشمیر کے لئے کھڑے ہوں۔








