اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چھت فراہم کرنا وزیراعظم کا وعدہ ہے، صنعت جب چلتی ہے تو غریب کا چولہا بھی جلتا ہے، اوورسیز پاکستانی وزیرا عظم کے نئے پاکستان کی تعمیر وترقی کیلئے پر عزم ہے، کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کیلئے سہولتیں وزیراعظم کا وژن ہے، رانا ثنا …
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی سمارٹ ایکسپو آف فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگ کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 11 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چھت فراہم کرنا وزیراعظم کا وعدہ ہے، صنعت جب چلتی ہے تو غریب کا چولہا بھی جلتا ہے، اوورسیز پاکستانی وزیرا عظم کے نئے پاکستان کی تعمیر وترقی کیلئے پر عزم ہے، کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کیلئے سہولتیں وزیراعظم کا وژن ہے، رانا ثنا ء کا کیس عدالت میں جاری ہے ، وہ عوام کو گمراہ نہ کریں، وہ ضمانت پر رہا ہوئے ہیں ، بے گناہی ثابت نہیں ہوئی، رانا ثنا ء اللہ اپنا غصہ اپنی قیادت پر نکالیں، لیگی قیادت نے اپنے کارکنوں کے ساتھ جو سلوک کیا اس کے ذمہ دار ہم نہیں، وزیر اعظم کا قوم سے وعدہ ہے بوسیدہ نظام کو تبدیل کریں گے، احتساب کا عمل سب کیلئے یکساں اور نظر آنا چاہیے ، سب کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ احتساب اس ملک کیلئے ہورہا ہے، ،بینطیرانکم سپورٹ پروگرام میں قوم کے ساتھ خیانت کی گئی جس پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کوپاک چائنہ سنٹراسلام آباد میں سمارٹ ایکسپوآف فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگ کی افتتاحی تقریب اورمیڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کیپیٹل سٹی کی افتتاحی تقریب کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دنیا کے سیاحوں کو پاکستان کی طرف مائل کررہے ہیں،یہ پروجیکٹ اورسیز پاکستانیوں کی محبت کا ثبوت ہے، اوورسیز پاکستان کا اصل اثاثہ ہے جس نے پاکستان میں کلیدی کر دار ادا کیا ہے ۔معاون خصوصی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے علاوہ کوئی بھی پاکستان کی خوابوں کی تعبیر نہیںہوسکتا ، پاکستان کی معیشیت مستحکم ہو رہی ہے ،سیاحوں کو پاکستان کی طرف مائل کررہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم کا وعدہ ہے کہ چھت فراہم کرنا ہے،صنعت جب چلتی ہے تو غریب کا چولہا بھی جلتا ہے ،معاشرے کے اندر جب ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لیتے ہیں تو معیشت مستحکم ہوجاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ کے شعبہ میں ملک میں آئندہ دس سال کے دوران 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی ۔ہاوسنگ منصوبہ سے ایک لاکھ نوکریاں پیدا ہوں گی ،یہ منصوبہ وزیر اعظم کی سوچ کے مطابق سامنے آ رہا ہے ،ایسا منصوبہ جہاں تمام ضروریات کو پورا کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اہم اثاثہ ہیں ،ہمارے نوجوان اس منصوبے کو کامیاب کریںگے ،جب تک آپ اپنی خواتین کو ہنرمند نہیں بنائیں گے پاکستان ترقی نہیں کر سکتا ،یہ وہ تبدیلی ہے جس کا وعدہ وزیر اعظم نے کیا تھا ،اس طرح کے منصوبے پاکستان کے خدوخال کو بدلیں گے ،یہ منصوبہ پاکستانی معیشت میں حصہ دار بننے جارہا ہے ۔معاون خصوصی نے کہا کہ مذہب کو سیاست کیلئے استعمال کرنے کیلئے روایت شروع کی گئی ہے،عدالت میں کبھی بھی ملزم کی خواہش کے مطابق ٹرائل نہیں ہوتا،ضمانت کا مقصد ہرگز بے گناہ ہونا نہیں ہے ۔معاون خصوصی نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے عدالت سے ضمانت لی ہے عدالت نے انہیں ابھی بری نہیں کیا، رانا ثناء اللہ ہمارے عدالتی سسٹم کو داغ دار نہ کریں ،انہیں اپنا غصہ اپنی قیادت پر ہونا چاہیے نہ کہ حکومت پر،آپ کی قیادت ووٹرز کے ساتھ ہاتھ کر گئی ہے، یہ سیاسی واردات لیڈر شپ نے کارکنان کے ساتھ کی ہے اس کی حکومت ذمہ دار نہیں،حکومت اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہے،کمزوریوں کو دور کرنا وزیراعظم کی جدوجہد ہے، قانون سب کیلئے یکساں ہے اس کیلئے ہم نے جدو جہد جاری رکھنی ہے ،احتساب اس قوم کی اور وقت کی ضرورت ہے ۔اس سسٹم کو بدلنا ہے ، سسٹم کے اندر خرابیوں کو نکالنا ہے ،وزیراعظم عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا ہے کہ اس گلے سڑے نظام کو ٹھیک کرنا ہے، طاقت ور اور کمزور کے ساتھ یکساں سلوک کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احتساب کے بغیر معاشرہ میں جنگل کا قانون ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اچھے کام کرنے والوں کو انعام جبکہ غلط کام کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے ، جزا اور سزا کے بغیر معاشرہ نہیں چل سکتا،احتساب کا عمل سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے اور احتساب نظر آنا چاہیے اور سب کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ احتساب اس ملک کیلئے ہورہا ہے قوانین انسانوں کیلئے بنائے جاتے ہیں،اگراس میں بہتری لانی ہے تو سب مل بیٹھ کر لاسکتے ہیں ایسا قانون جو عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرے اس کو پارلیمنٹ سے پاس کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ میاں نواز شریف کی طرف سے درخواست دی گئی ہے۔ حکومت اس کا جائزہ لیکر اپنی رائے عدالت کے سامنے رکھے گی،نواز شریف کے حوالے سے عدالت نے فیصلہ کرنا ہے اس حوالے سے جلدی ترجیحات طے کی جائیں گی اگر وہ لندن میں ٹھیک نظر آرہے ہیں تو میں پر امید ہوں کہ لیگی ترجمان ان کی صحت کے بارے میں اپ ڈیٹ کریں،انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لیگی صاحبان ہمیں انکی صحت کے حوالے سے انفارم کریں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن کو امین بنایا جائے اور وہ قوم کی امانتوں کی خیانت کرے تو یہ ایک بہت بڑی ناانصافی ہے ، بینطیرانکم سپورٹ پروگرام میں قوم کے ساتھ خیانت کی گئی جس پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ،عوام کے پیسے پر ہونے والی ڈاکہ زنی کا حساب لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافیوں کے ازالے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں، ان کے مسائل کے حل کیلئے 24 گھنٹے ہیلپ لائن موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ خود کش حملہ مخالفین کی طرف سے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے،پاکستانی فوج ملک کو پر امن بنانے میں کوشاں ہے اور قانون نافذ کرنے والی ٹیمیں بھی تخریب کاروں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور دہشت گرد اپنے انجام تک پہنچ رہے ہیں۔








