معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو

160

سیالکوٹ۔ 19 جنوری (اے پی پی)معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے گندم کی خریداری میں کوتاہی کی ہے ، وزیراعظم نے سندھ کو 4 لاکھ ٹن گندم کی فراہمی کی ہدایت کی ہے جس میں سندھ حکومت نے ابتک صرف ایک ٹن گندم اٹھائی ہے اور سندھ حکومت گندم کو آٹا ملز تک فراہمی میں ناکام رہی ہے ،سندھ حکومت صوبے میں گندم کی سپلائی کے عمل کو تیز کرنا چاہیے۔سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام لوگوں کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام تک آٹے کی فراہمی کے عمل کو تیز کیا ہے اور پنجاب حکومت آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے814 فلورملز کو روزانہ کی بنیاد پر 25390 ٹن سبسڈائز گندم دی جا رہی ہے جو مل مالکان مہنگا آٹا دے رہے ہیںیا ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہیں ان کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے،اس ضمن نے پنجاب حکومت نے عوام کی آسانی کیلئے ایک ہیلپ لائن قائم کی ہے کہ جہاں جہاں آٹا مہنگا مل رہا ہے یا ذخیرہ اندوزی کر رہے ہیں اور عوام کو آٹا نہیں دے رہے تو عوام اس ہیلپ لائن (60606-0800)پر کال کر کے اپنی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگاآٹا بیچنے والی فلور ملز اور آٹے کی چکیوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔جس میں ا ن کو جرمانے کیے جا رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ لیول پر چھ آفیسر بر طرف کیے گئے ہیں جو قیمتوں کو ملز کے ساتھ مل کر آٹے کی قیمت کو اوپر لے جانے میں ملوث تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 20کلو کا تھیلا 805روپے میں فروخت ہو رہا ہے اور مقررہ قیمت سے زائدقیمت پر آٹا فروخت پر کارروائی ہو گی، حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر آٹے کی فروخت کو یقینی بنایا جارہا ہے ،آٹے کی فروخت کیلئے 368 سیل پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔حکومت ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کریگی۔معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے یوٹیلیٹی سٹورزکو 6 ارب روپے کا پیکج دیاہے۔حکومت اتحادیوں کے ساتھ مل کر اپنے پانچ سال پورے کریگی۔کراچی کی روشنیوں کو دوبالا کرنے کیلئے 162ارب کے پیکج پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے ،کراچی میں امن و امان کے قیام کے اثرات ملکی معیشت پر بھی پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئی تب معیشت تباہ حال تھی ہم نے معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور پانچ سال تک ساتھ رہیں گے،قومی ترقی اور عوامی خوشحالی کے ایجنڈے پر حکومت اور اتحادی ایک ہیں، سب کا وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے، مخلوط حکومتوں میں شامل ہر جماعت کا اپنا منشور ہوتا ہے، نقطہ نظر میں اختلاف جمہوریت کا حسن ہے،اتحادیوں کے تحفظات دور اور انکے جائز مطالبات پر من و عن عمل کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ مذاکرات میں واضح پیش رفت ہوئی ہے جلد عوام کو خوشخبری ملے گی،اتحادیوں کے ساتھ گفتگو میں تمام مسائل زیر بحث آئے جہاں کمی رہ گئی ہے اسے بھی دور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان روشنیوں کے شہر کراچی کو دنیا کے ترقی یافتہ شہروں کی طرز پر استوار کرنے کا ویژن رکھتے ہیں،کراچی معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے۔شہر کے لیے 162 ارب روپے کے ریلیف پیکیج پر پیشرفت کا آغاز ہو چکا ہے۔