اسلام آباد ۔ 29 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میڈیا اور وزارت اطلاعات کے درمیان بات چیت کے بعد معاملات بہت حد تک طے ہوچکے ہیں،ایک طریقہ کار طے ہوکرچکا ہے، جب میڈیا مالکان کو بقایا جات دیں گے تو پہلے صحافیوں کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی ،کوشش ہے کہ میڈیا مالکان کیطرف سے عید سے پہلے صحافیوں کے واجبات کی ادائیگی یقینی ہوجائے۔وہ بدھ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات،نشریات ،قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے اجلاس سے خطاب کر رہیں تھیں ۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین میاں جاوید لطیف نے کی ۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان قائمہ کمیٹی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں ہم عوام کے نمائندے اور ان کو جوابدہ ہیں۔انہوںنے کہا کہ میڈیا جتنا آزاد اور مضبوط ہوگا،جمہوریت اتنی ہی مضبوط ہوگی،اگر میڈیا کی آزادی میں کوئی بھی مسئلہ آئے تو ہم بہتری کیلئے کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی قومی ادارہ ہے جو قوم کی امنگوں کے مطابق کام کرے گا،قائمہ کمیٹی میڈیا کی بہتری کیلئے لائن آف ایکشن بنائے ہم اس پر عملدرآمد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کو 10 سے 15 فیصد اشتہارات سرکاری شعبے سے ملتے ہیں، 85فیصد اشتہارات نجی شعبے سے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے واجب الادا اشتہارات کے مسائل کے حل کیلئے ہم سنجیدگی سے کوشاں ہیں،اخبارات کے مالکان اور وزارت اطلاعات کے اشتہارات سے متعلق اعداد و شمار مختلف تھے،بات چیت کے بعد میڈیا اور وزارت اطلاعات کے درمیان معاملات بہت حد تک طے ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا، پی ٹی وی،پیمرا اور دیگر اداروں کی بہتری کیلئے اپوزیشن کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔اراکین کمیٹی نے کہا کہ معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بڑی موثر انداز سے اپنی آواز میڈیا مالکان تک پہنچائی، حکومتی ایوانوں میں بھی بار بار ان کی گونج سنائی دے رہی ہے۔