گلگت۔27مئی (اے پی پی):معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے یوم تکبیر 28 مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 28 مئی 1998 کا دن پاکستان کی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جب وطن عزیز نے ایٹمی دھماکے کر کے خود کو ناقابل تسخیر دفاعی طاقت کے طور پر منوایا اور جنوبی ایشیاء میں طاقت کا توازن قائم کیا۔انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور دفاع کے تقاضے کے تحت پاکستان نے تمام تر بیرونی دباوٴ اور پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے
مشکل مگر جراتمندانہ فیصلہ کیا اور بھارتی ایٹمی دھماکوں کا مؤثر جواب دیا۔ایمان شاہ نے اپنے پیغام میں حالیہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی سالمیت کو چیلنج کیے جانے پر ریاست پاکستان نے عوام کی تائید سے بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا، جس سے دشمن کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔انہوں نے کہا کہ 28 مئی کا دن نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعث فخر ہے، کیونکہ اسی دن پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی ریاست بنا۔
انہوں نے اس تاریخی موقع پر قومی سلامتی کے لیے خدمات انجام دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602159