معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی زیر صدارت پروگرام پر عملدرآمد کے حوالہ سے نیوٹیک کے پی سی ون پر تبادلہ خیال کے حوالہ اجلاس

69

اسلام آباد ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ہنرمند جوان پروگرام نوجوانوں کو پیشہ وارانہ مہارتیں اور ہنرمند بنانے اور ان کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا بہترین پروگرام ہے، اس سے نوجوان نہ صرف مالی و سماجی طور پر مضبوط ہوں گے بلکہ ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اس پروگرام پر عملدرآمد کے حوالہ سے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے پی سی ون پر تبادلہ خیال کے حوالہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام صوبوں سے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل شعبہ کے مختلف متعلقہ فریقوں نے شرکت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ مربوط کوششوں کے ذریعے ملک بھر کے نوجوانوں کو سماجی و مالی طور پر مو¿ثر انداز میں بااختیار بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ ہنرمند جوان پروگرام کے تحت نیوٹیک پیشہ وارانہ ترقی کے شعبہ کی اصلاحات کیلئے جامع پالیسی وضع کرے گا تاکہ اس سے ملک کے نوجوانوں کی بڑی آبادی کو ملکی اور غیر ملکی منڈیوں میں ملازمتوں کے حصول کے قابل بنایا جا سکے، یہ اقدام کامیاب جوان پروگرام کا حصہ ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے اس پروگرام کے سہ ماہی بنیادوں پر جائزہ کیلئے ٹیکنیکل رہبر کمیٹی قائم کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور یہ پروگرام ڈیجیٹل پلیٹ فورم پر موجود ہونا چاہئے۔ چیئرمین نیوٹیک سیّد جاوید حسن نے کہا کہ ہم نوجوانوں کی معیاری تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہے ہیں جس کے تحت نیوٹیک کے 80 فیصد گریجویٹ کو ملازمت کی ضمانت دی جاتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل شعبہ میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنانے اور اس پروگرام کے خدوخال کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔