معاون خصوصی برائے امور نوجوانان وصی احمد فاطمی کا پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے دفتر کا دورہ، دفتری عملے سے ملاقات

118

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان وصی احمد فاطمی نے وزیر اعظم آفس میں پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے دفتر کا دورہ کیا اور دفتری عملے سے ملاقات کی ۔ جمعہ کو جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری محمدعلی ملک نے معاون خصوصی کو پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے متعلق پراجیکٹس پر بریفنگ دی ۔ انہوں نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام نوجوانوں کے لئے انقلابی خدمات انجام دے رہا ہے۔

معاون خصوصی برائے امور نوجوانان وصی احمد نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں بالخصوص خواتین کی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں ، ہمارے ملک کا 52 فیصد حصہ خواتین پر مشتمل ہے جو کہ پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں ، ان کی ترقی کے لئے پرعزم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ترقی دینے اور ان کے روشن مستقبل کی ضمانت یقینی بنانے کی ہرممکن کوشش کی جائے ، ہم ایسے طویل مدتی پروگرامز لانے کی کوشش کریں گے جو نوجوانوں کو آگے بڑھنے میں معاون ثابت ہوں۔

معاون خصوصی نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے ساتھ مل کر ملک کے نوجوانوں کے لئے مزید مواقع فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی اور نوجوانوں کو ترقی کی راہ میں در پیش مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔