معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک کا جنرل اسمبلی اجلاس میں مظلوم کشمیریوں کی پر زور ترجمانی کرنے پر وزیر اعظم سے اظہار تشکر

133
مشعال ملک

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے جنرل اسمبلی اجلاس میں مظلوم کشمیریوں کی پر زور ترجمانی کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کشمیریوں کے سفیر اور وکیل ہونے کا حق ادا کیا ہے،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے ۔ جمعہ کو جاری بیان کے مطابق مشعال ملک نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کے خطاب سے کشمیریوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے،

نہتے کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستان کو اپنی امیدوں کا مرکز جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی ہندو فاشسٹ حکومت کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا، بھارت نے مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں پر اپنی زمین تنگ کر رکھی ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی خطے سے نکل کر دیگر دنیا تک پہنچنا شروع ہو گئی ہے، عالمی دنیا کو امن کی خاطر بھارت کو لگام ڈالنا ہو گی ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے ۔