اسلام آباد ۔ 15مئی (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے پولیس فیسیلیٹیشن سینٹر ایف 6 اسلام آباد کا دورہ کیا،آئی جی اسلام آباد بھی معاون خصوصی کے ہمراہ تھے۔ پولیس فیسیلیٹیشن سینٹر میں اوورسیز پاکستانیز کے لیے خصوصی ڈیسک بنائے جا رہے ہیں جہاں پر اوورسیز پاکستانیوں کی شکایتوں کا بروقت ادراک ہوگا۔ دورہ کے موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سب سے زیادہ شکایات جائیداد کی مد میں درج ہوتی ہیں، پولیس فیسیلیٹیشن سینٹر سے شکایات کا اندراج اور ادراک وقت پر ہوگا،اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کورٹس پر بھی کام ہو رہا ہے،حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ساری شکایات مجھے موصول ہو رہی ہیںہماری پوری کوشش ہے کہ ان شکایات کو جلد از جلد حل کیا جائے۔