اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت اور معاشی تحفظ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس کفالت پروگرام میں جدید تر نظام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ اسے مستحقین کیلئے مزید شفاف اور موثر بنایا جا سکے، احساس کفالت پروگرام ملک میں معاشرتی انقلاب لائے گا ، وزیر اعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے سے خطے میں غربت کے خاتمے میں مدد مل سکتی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی حکومت احساس کفالت پروگرام کے تحت غربت کے خاتمے کی کوششوں میں مخلص ہے اور مستحق خاندانوں کو شفاف طریقے سے مالی امداد فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام تین مرحلوں میں ملک بھر میں لاکھوں مستحق خواتین کو با اختیار بنائے گا، احساس کفالت سروے ٹیمیں شفافیت اور بہترین بین الاقوامی طرز عمل کو یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ سکواڈ کے ساتھ ہوں گی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس کفالت سے مستفید ہونے والوں کا تحفظ، سلامتی اور وقار ہمارے لئے سب سے زیادہ اہم ہے اور یہ پروگرام باالخصوص طور پر خواتین کو معاشی اور سیاسی طور پر با اختیار بنانے کیلئے سب سے اہم پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو صرف تعلیم اور شعور کے ذریعہ ہی با اختیار بنایا جاسکتا ہے، خواتین کو معاشرے کا کارآمد رکن بننے کیلئے احساس کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ احساس کفالت خواتین پر مبنی پروگرام ہے جو خواتین کے بارے میں معاشرے کی سوچ کو تبدیل کرے گا، اس پروگرام کے ذریعے خواتین کو معاشرتی اور معاشی طور پر طاقتور بننے میں مدد ملے گی۔ معاون خصوصی برائے تخفیف غربت نے کہا کہ ہم نے ملک بھر سے ایک ملین مستحقین کو بی آئی ایس پی فہرست میں شامل کیا ہے۔ ثانیہ نشتر نے کہا کہ ہم اس پروگرام کا چیک اینڈ بیلنس برقرار رکھیں گے تاکہ کوئی بھی غیرمستحق فائدہ نہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانا بڑا اقدام ہے، ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنا تحریک انصاف کا منشور ہے اور حکومت اس مقصد کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔