اسلام آباد ۔ 29 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام میں عوام کی فلاح و بہبود کے مختلف پروگرام شامل کئے گئے ہیں جن کے ذریعے کم آمدنی والے لوگوں کو اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونے میں مدد ملے گی، رواں سال بجٹ میں دیگر ریلیف پرگراموں کیلئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کورونا وائرس کے تناظر میں تشکیل دیا گیا تھا، کورونا متاثرین کو امداد فراہم کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے 203 ارب روپے کا بجٹ ملا ہے اور ہمارا ہدف 1 کروڑ 69 لاکھ مستحق خاندانوں تک امداد پہنچانا ہے، ابھی تک پروگرام کے تحت 1 کروڑ 35 لاکھ خاندانوں تک رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے اور غیرسیاسی بنیادوں پر ملک بھر میں غریب خاندانوں میں رقم تقسیم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگست تک کورونا سے متاثرین تمام خاندانوں میں امدادی رقم تقسیم کرنے کا ہدف ہے جس کے بعد ہم ریگولر احساس آپریشن شروع کریں گے۔ معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ نے کہا کہ احساس پروگرام میں کفالت، احساس بلاسود قرضوں، احساس آمدن اور احساس انڈر گریجویٹ سکالرشپ کے پروگرام شامل ہیں، جن کے ذریعے کم آمدنی والے لوگوں کو نہ صرف آمدنی پیدا کرنے کے مواقع ملیں گے بلکہ غریب خاندانوں کے بچوں کو اعلی تعلیم حاصل کرنے کے مواقع بھی ملیں گے۔