اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پا رپاکستانیز سید ذوالفقار بخاری سے مصر کے سفیرطارق ڈہرو نے بدھ کو اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں سیاحت کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین لوگوں کے درمیان رابطے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران مصر کے سفیر اور زلفی بخاری نے سیاحت کے میدان میں پاکستان اور مصر کے مابین باہمی تعاون کو بڑھانے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں زلفی بخاری نے پاکستان کی سیاحت کی کوششوں کا ایک جائزہ پیش کیا ، جس میں سیاحوں کی توجہ اور مدد کے لئے برانڈ پاکستان کے آغاز کا خیال بھی شامل ہے ، اور سفیر کو سیاحت کے میدان میں حکومت کی کوششوں سے آگاہ کیا۔زلفی بخاری نے ہر ممکن طریقوں سے سیاحوں کی سہولت اور راغب کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پاکستان میں سیاحت کی برانڈنگ شروع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جو کوویڈ 19 کے باعث ملتوی کردیا گیا۔ مصر کے سفیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھا دیں گے اور مصر ہر ممکن طریقو ں کے ذریعے پاکستان کے سیاحت کے برانڈنگ منصوبے میں تعاون کرے گا۔