اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات میں توسیع کرتے ہوئے سفری اور ملک بھر میں تمام عوامی اجتماعات پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، ابھی صورتحال قابو میں ہے اس لئے شہروں کو لاک ڈاﺅن کرنے کی ضرورت نہیں ہے، عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ وزارت صحت نے مہلک وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے کافی اقدامات اٹھائے ہیں تاہم اگر صورتحال سنجیدہ ہوئی تو مزید سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ نئے ہنگامی اقدامات کے تحت تمام تفریحی اور کھیلوں کے ایونٹس کو ملتوی کرنے کے ساتھ ساتھ حالات بہتر ہونے تک ریستورانوں اور پارکس کو بند کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے مرض سے بچاﺅ کیلئے عوام کو ہدایت کی ہے کہ صحت کے ماہرین کی بتائی ہوئی احتیاطی تدابیر کو اختیار کریں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں صورتحال ابھی قابو میں ہے اس لئے عوام کو پریشان ہونے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، میڈیا بھی عوام کو وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے مثبت اور ذمہ دار کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہلک وائرس سے نمٹنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہے اور ملک میں وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے بروقت مناسب انتظامات کئے گئے ہیں جس کے باعث دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں کیسز کی تعداد کافی کم ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ یہ صرف وزارت صحت کی نہیں بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ وائرس کی روک تھام کیلئے کردار ادا کرے، حکومت نے جامع آگاہی مہم شروع کی ہیں اس لئے لوگوں کو چاہیے کہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام داخلی راستوں پر اسکریننگ کا موثر نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر وزارت صحت کی ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کریں۔ انہوں نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ مریضوں سے فاصلہ رکھیں، چھینکتے اور کھانستے وقت ماسک کا استعمال کریں۔