پشاور۔ 26 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے اسلام آباد میں قائم آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے صوبے کی ثقافتی مصنوعات و ملبوسات اور ہاتھ سے بنائی گئی اشیاء کا معائنہ کیا۔
معاون خصوصی نے گیلری میں رکھی گئی اشیا کے مختلف سٹالوں کا دورہ کیا اور ان میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ واضح رہے کہ آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ خیبرپختونخوا کا ملکیتی نمائشی مرکز ہے جہاں پر صوبے کی مصنوعات کو نمائش، خریدوفروخت اور مارکیٹنگ کیلئے رکھا جاتا ہے۔ اسلام آباد میں قائم کرافٹس گیلری کا حال ہی میں احیاء کرکے اسے مکمل ہینڈی کرافٹ بازار کے طور پر دوبارہ فعال کردیا گیا ہے۔
گیلری کی عمارت ایک پلازے پر مشتمل ہے جس میں صوبے کے ہینڈی کرافٹس کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر حصوں کی ہاتھ سے بنی اشیاء نمائش اور خریداری کیلئے رکھی گئی ہیں۔ پاکستان آرٹس اینڈ کرافٹس گیلری کو ای کامرس کی غرض سے آن لائن نظام سے منسلک کرنے کیلئے ای پورٹل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔
پورٹل کے قیام سے صوبے کی ہاتھ سے بنی مصنوعات تک آن لائن رسائی ممکن ہو گی جس سے صوبے کے ہینڈی کرافٹس کی فروخت میں خاطرخواہ ا ضافہ ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588210