معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف کی پی ٹی وی سے گفتگو

90

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس صورتحال میں بتدریج بہتری آنے کے بعد معمول کے مطابق بین الاقوامی پروازوں کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت کی جانب سے جو ایس او پیز جاری کی گئی ہیں وہ برقرار رہیں گے، کورونا کیسز کی تعداد دوبارہ بڑھی تو فوری طور پر اقدامات لئے جائیں گے۔ ہفتہ کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح کم رہی ہے اسلئے ہمیں زیادہ خطرہ نظر نہیں آ رہا، جن ممالک میں کورونا کی دوسری لہر آئی ہے، ضرورت پڑنے پر وہاں پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا جائے گا تاہم فی الحال ہمیں ایسا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ معاون خصوصی برائے قومی سلامتی نے کہا کہ ایئرپورٹس پر بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ اور ٹریکنگ کا عمل جاری رہے گا، جن مسافروں میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں انہیں گھر جانے کی اجازت دی جاتی ہے لیکن انہیں چاہیے کہ وہ خود کو 14 دن تک اپنے گھروں میں سیلف کورنٹین کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں بتدریج کمی ہو رہی ہے جس کی وجہ سے حکومت نے سیاحتی مقامات سمیت تمام کاروباری مراکز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، اگلے مہینے سے سکول بھی کھل جائیں گے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد جاری رکھیں تاکہ کورونا کی دوسری لہر سے محفوظ رہا جا سکے۔