اسلام آباد ۔ 6 جولائی (اے پی پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ کوہاٹ اور کرک کے اضلاع میں اور اس کے ملحقہ علاقوں میں کام کرنے والی کمپنیوں کو مقامی افراد کو روزگار فراہم کرنے، انکے لئے معاشرتی بہبود کی اسکیموں اور علاقوں میں ترقیاتی تعمیری سرگرمیوں کو یقینی بنانا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے اور وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے کرک اور کوہاٹ میں آئل و گیس کمپنیوں کی کارپوریٹ ذمہ داری (سی ایس آر) کے تحت جاری سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس اجلاس میں کرک کے ایم این اے شاہد خٹک نے بھی شرکت کی۔ وزیر مملکت شہریار آفریدی نے تیل اور گیس کمپنیوں کو آپریشنل علاقوں کی ترقی اور لوگوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ معاون خصوصی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ اور کرک کے اضلاع میں اور اس کے متصلہ علاقوں میں کام کرنے والی کمپنیوں کو مقامی افراد کو روزگار فراہم کرنے ، انکے لئے معاشرتی بہبود کی اسکیموں اور علاقوں میں ترقیاتی تعمیری سرگرمیوں کو یقینی بنا نا چاہئیے۔ معاون خصوصی نے متعلقہ کمپنیوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ ان اضلاع میں سی ایس آر کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل کو جلد از جلد یقینی بنائیں۔