اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی جواد سہراب ملک نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان محنت کشوں کی نقل و حرکت کوفروغ دینے کے اہم اقدام کے سلسلے میں پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کے ساتھ اہم ملاقات کی۔
ملاقات کا مقصد تعاون کو فروغ دینا اور پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مزدوروں کی نقل و حرکت کو بڑھانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنا تھا۔ جمعہ کو معاون خصوصی نے ہائی کمشنر ہاکنز کو ہنر مند پاکستانی پیشہ ور افراد اور آسٹریلوی لیبر مارکیٹ کو مستحکم کرنے کیلئے ماہر کارکنوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کے بارے میں آگاہ کیا جس نے مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے مزدوروں کی کمی کو دور کرنے کے امکانات کو اجاگر کیا۔
بات چیت کا مرکزپاکستان سے آسٹریلیا میں غیر قانونی ہجرت کو کم کرنے کے لیے مزدوروں کی محفوظ نقل و حرکت کے چیلنجز کی اہم ضرورت کامحور رہی۔ دونوں اطراف نے بیرون ملک ملازمت کے مواقع تلاش کرنے والوں کے لیے محفوظ راستے فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ معاون خصوصی نے آسٹریلوی افرادی قوت اور ہنر مند ویزوں کے لیے ڈیمانڈ ٹریڈز، ایکریڈیٹیشن، اور زبان کی مہارت کے تقاضوں کے بارے میں مزید معلومات کی فراہمی کی درخواست کی، جس کا مقصد آسٹریلیا میں پاکستانیوں کے لیئے ملازمت کے تلاش کرنے کے عمل کو آسان بنانا ہے۔
مزید برآں ، بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے شعبوں میں فضیلت کے مراکز قائم کرنے کےا مکانات بھی تلاش کئے گئے ۔ ملک نے بتایا کہ یہ مراکز آسٹریلیائی لیبر مارکیٹ کے معیارات کو پورا کرنے کے لئے پاکستانی کارکنوں کو تیار کریں گے۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہجرات اور نقل و حرکت میںپارٹنرشپ کے قیام کے امکان کو اجاگر کیا، جس سےمحنت کشوں کی نقل و حرکت میں جامع تعاون کو فروغ ملے گا۔ معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے پیسفک آسٹریلیا لیبر موبلٹی اسکیم میں شامل ہونے میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جس کا مقصد دیہی اور علاقائی آسٹریلیا میں خاص طور پر زرعی شعبے میں مزدوروں کی کمی کو دور کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ، پیسفک آسٹریلیا لیبر موبلٹی سکیم میں شمولیت پاکستانی کارکنوں کے لیے آسٹریلیا میں مزدوری کی ضروریات کے مطابق شراکت کے مواقع پیدا کرے گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ آخر میں، دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے درمیان جاب پورٹلز کو مربوط کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا، جس سے آجروں اور ملازمت تلاش کرنے والوں کے لیے رابطہ قائم کرنا زیادہ آسان فہم ہے۔ اس ملاقات میں منیجنگ ڈائریکٹر اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن نے بھی شرکت کی۔