اسلام آباد ۔ 9 دسمبر (اے پی پی) پاکستان اور امریکہ نے دوطرفہ تعلقات کو خطے اور عالمی امن و سلامتی کیلئے اہم قرارد یتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ نئی امریکی انتظامیہ کے تحت تعلقات کے استحکام کو جاری رکھنا چاہئے۔ یہ اتفاق رائے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور امریکہ کے نائب سیکرٹری خارجہ انٹونی بلینکن کے مابین ملاقات میں پایا گیا۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق طارق فاطمی نے امریکی نائب سیکرٹری خارجہ سے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ واشنگٹن میں ملاقات کی۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ معاون خصوصی نے حالیہ امریکی انتخابات سے متعلق وزیراعظم نواز شریف کا خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ منتقلی عمل مکمل ہونے کے بعد دونوں فریق دو طرفہ ٹریک سے متعلق باقاعدہ روابط کا دوبارہ آغاز کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32951