اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات کی اور کامیاب جوان پروگرام اور اس کے اجراءکے حوالے سے بریفنگ دی۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن اور ہدایات کی روشنی میں تاریخی کامیاب جوان پروگرام کے اجراءکی تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں، 100 ارب روپے کا پروگرام نوجوانوں کی بہبود کیلئے استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے اجراءکی تقریب آئندہ ماہ اسلام آباد میں منعقد ہو گی، وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی اس تاریخی پروگرام کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ نوجوان تحریک انصاف کا اثاثہ اور پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، پاکستان ان خوش قسمت ممالک میں سے ایک ہے جس کی آبادی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔