اسلام آباد ۔ 7 اپریل (اے پی پی) معاون خصوصی و ترجمان وزیر اعظم ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک سے غربت کے خاتمے کے لئے ”احساس اور کفالت“کے نام سے شروع کئے جانے والے پروگرام کے تحت عوام کو صحت،تعلیم،روٹی،کپڑا اور مکان سمیت دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔اتوار کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک سے غربت کے خاتمے کے لئے جامع حکمت تیار کر رہی ہے ”احساس“ کے نام سے شروع کیا جانے والا پروگرام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے،پسماندہ طبقات کے لئے 80ارب روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے اس حکومتی اقدام سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں عوام کی فلاح بہبود اور غربت کے خاتمے کے حوالے سے جامع حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے غربت اور بے روزگاری میں تیزی سے اضافہ ہوا جس سے ملکی معیشت کو بھی یقینا نقصان پہنچا مگر موجودہ حکومت نے اس اہم مسئلے کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی تیار کی اور وقت ضائع کیے بغیر اس پر عمل درآمد بھی شروع کر دیا جو اس بات کی دلیل ہے کہ حکومت اس اہم ایشو کے بارے کتنی سنجیدہ ہے،پسماندہ اور کمزور طبقات کے لئے مختص کیا جانے والا بجٹ آئندہ 2 سالوں میں مزید بڑھایا جائے گا۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ملک بہتری کی جانب گامزن ہے ،غربت کے خاتمے کے حوالے سے شروع کئے جانیوالے پروگرام ”احساس“ کے تحت 57لاکھ کے قریب خواتین کے سیونگ اکاونٹس بنائے جائیں گے جس پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس جامع پروگرام کے ثمرات ملک کے دور دراز علاقوں میں مقیم مستحق اور غربت کی زندگی بسر کرنے والے افراد تک پہنچیں گے جس کے دور رس نتائج نکلیں گے۔