معاون خصوصی و ترجمان وزیر اعظم ندیم افضل چن کی اے پی پی سے گفتگو

88

اسلام آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) معاون خصوصی و ترجمان وزیر اعظم ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اقوام عالم کو بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضے،نسل کشی اور ظلم و جبر بارے آگاہی کے ساتھ کشمیریوں کو انکا حق خود ارادیت دلانے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے۔جمعہ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری پاکستا نی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور انکے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دی جائے گی۔انہوں نے کہا پاکستان دنیا میں امن کا داعی ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ مزاکرات کے زریعے مسئلے کے حل نکالنے کی بات کی ہے لیکن بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر جنگی جنون سوار ہے اور وہ دنیا کا امن تباہ کرنے کے درپے ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا بھر کے سامنے مئسلہ کشمیر کے حوالے سے جو واضح موئقف بیان کیا ہے ماضی میں اسکی مثال نہیں ملتی یہی وجہ ہے کہ آج دنیا بھر میں کشمیری مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی لئے دنیا بھر میں لوگ سٹرکوں پر نکل رہے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستانی قوم نے باہر نکل کر یہ واضح کر دیا ہے کہ ہمارے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔