پشاور۔17جنوری (اے پی پی):وزیراعلی محمود خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے اتوار کے روز کراچی پریس کلب سے پشاورآئے صحافیوں سے ملاقات کی اور خیبرپختونخوا حکومت کے مفاد عامہ کیلئے اٹھائے گئے انقلابی اقدامات پر بات چیت کی۔ کراچی پریس کلب کی ممبر جرنلسٹ مونا خان نے کراچی پریس کلب کے پروگرام پریس کلب کارنر کے حوالے سے بھی معاون خصوصی کا انٹرویو لیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا تھا کہ کراچی، لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد کے صحافیوں کیلئے کھلی دعوت ہے ان کیلئے مہمان نوازوں کی سرزمین کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، دیگر صوبوں کے صحافی یہاں آئے اور صوبے میں ہونی والے ترقیاتی پروجیکٹس کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں اور پاکستان تحریک انصاف حکومت کے بارے میں عوامی رائے جانیں، صحافتی رائے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،صحافی برادری ہمیں مزید بہتری لانے کیلئے اپنے قیمتی آرا پیش کریں۔ معاون خصوصی نے پروگرام پریس کلب کارنر میں بتایا کہ پریس کلبوں کے درمیان تبادلہ دوروں کا رجحان وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے نہ صرف صحافی برادری کے تعلقات بہتر ہونگے بلکہ حکومت وقت کے مثبت اقدامات کی ترویج بھی بطریقہ احسن ممکن ہوسکے گی۔انہوں نے بتایا کہ پشاور کے بارے میں ملک کے دیگر حصوں میں بیٹھے صحافیوں کی سوچ بالکل مختلف ہے اور وہ یہاں آکر خود دیکھ لیں کہ پختونخوا میں کتنی تبدیلی آئی ہے۔ کراچی پریس کلب کی دعوت پر کراچی جانے کا عندیہ دیتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وہ جلد کراچی اور لاہور کے صحافیوں کے درمیان ہونگے اور اسی طرح محکمہ اطلاعات کے اہلکاروں کو بھی باری باری ملک کے دیگر حصوں کے صحافیوں سے روشناس کرنے کی غرض سے ملک کے مختلف حصوں کے دورے کرائے جائینگے۔ اس سے نہ صرف صحافیوں کے محکمہ اطلاعات خیبرپختونخوا کیساتھ روابط استوار ہونگے بلکہ انفارمیشن کی بروقت فراہمی اور حکومتی اقدامات کی میڈیا کے زریعے ترویج میں بھی کافی بہتری آئیگی۔