لاہور۔5ستمبر (اے پی پی):حکومت پنجاب نے معدنی ذخائر اور ماحول کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے اٹک اور چکوال میں 2 ماہ کیلئے دفعہ 144نافذ کر دی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ضلع اٹک میں بغیر اجازت سونے کی کان کنی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ضلع اٹک کی حدود میں دریائے سندھ کے اطراف سونے سمیت تمام معدنیات کی بلا اجازت کھدائی پر دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے۔
اٹک میں کان کنی یا کھدائی کی مشینری کی نقل و حمل پر بھی 2 ماہ کیلئے پابندی ہو گی۔ ترجمان نے بتایا کہ پلیسر گولڈ قومی خزانے کیلئے اہم ترین معدنیات میں سے ایک ہے اور حکومت پنجاب نے اس قومی دولت کے تحفظ کیلئے یہ اقدام اٹھایا۔
حکومت پنجاب نے ضلع چکوال میں درختوں کی کٹائی اور نقل و حمل پر بھی پابندی عائد کی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق چکوال میں درختوں کی کٹائی پر پابندی کا اطلاق نجی اور سرکاری دونوں زمینوں پر ہوگا،ضلع چکوال میں درختوں کی کٹائی کیساتھ ٹمبر کی نقل و حمل پر مکمل پابندی ہوگی۔